زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے بھٹے 2 ماہ کیلئے سیل کر دیں: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنیوالے اینٹوں کے بھٹوں کر سربمہر کرنے کا عندیہ دے دیا۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے حکم پر عملدرآمد کروانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جو مالکان بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہیں کرتے انکے بھٹے 2 ماہ کیلئے سربمہر کر دیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اینٹوں کے بھٹوں پر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے استعمال کا کیا بنا؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کیلئے انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ قرضے دے رہا ہے جس پر عدالت نے کہا کہ اینٹوں کے بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی منتقل نہیں ہوئے تو انہیں 2 ماہ کیلئے بند کر دیں۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ سر ہم بھٹہ مالکان کو پہلے نوٹس جاری کرتے ہیں، اگر وہ عمل نہیں کریں گے تو سربمہر کر دیں گے۔