خارجہ پالیسی تذبذب کا شکار، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی: سراج الحق
لاہور (نامہ نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی دربار سلطان باہو آمد۔ سربراہ عالمی تنظیم العارفین واصلاحی جماعت سلطان احمد علی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مذہبی تنظمیوں کے اتحاد سے 12 ربیع الاول سے سودی نظام کے خلاف تحریک چلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سودی نظام کے خلاف تحریک میں معاونت کے لیے سلطان احمد علی سے ملاقات کی ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ امت کو ایک پیج پر اکٹھا کر کے ہم اسلام اور ملک کا دفاع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت ہر مسلمان کا دینی فریضہ ہے۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی تذبذب کا شکار ہے۔ اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ بلدیاتی انتخابات کے بعد چاروں صوبوں میں ایک جیسے بلدیاتی نظام کا نفاذ کیا جائے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی تحصیل احمد پور سیال جام حاجی رفیق احمد بھی موجود تھے۔