لیویز کی تنخواہیں، مراعات، سینٹ کمیٹی نے بلوچستان کے 3 سیکرٹریز کو طلب کر لیا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے کم ترقی یا فتہ علاقہ جات نے لیویز اہلکاروں کی تنخواہوں، مراعات، بجٹ میں اضافے اور مسائل کے حل کیلئے آئندہ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان، ہوم سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری خزانہ کوطلب کر لیا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں سمیت سابق فاٹا، پاٹا میں لیویز اور خاصہ دار فورسز نے عوام کے تحفظ اور علاقے میں امن قائم کرنے کیلئے جو خدمات سرانجام دیں وہ قابل تحسین ہیں، مگر بدقسمتی کی با ت ہے کہ وفاق ان کے سسٹم کو سمجھ ہی نہیں سکا، 90 فیصد ہارڈ علاقوں میں لیویز کے اہلکار خدمات سرانجام دیتے ہیں اور 10 فیصد علاقے پولیس کے پاس ہیں مگر نہایت افسوس کی بات ہے کہ ان کے بجٹ کا 80 سے 90 فیصد پولیس پر خرچ کیا جاتا ہے جبکہ لیویز اور خاصہ داروں پر صرف10 سے20 فیصد خرچ کیا جاتا ہے۔ فنکشنل کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں لیویز کے رولز کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔ بدھ کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد عثمان خان کاکڑ کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ فنکشنل نے لیویز اہلکاروں کے شہدا کے لواحقین کو فوری معاوضہ دینے کی ہدایت بھی کر دی۔ کمیٹی اجلاس میں گزشتہ اجلاسوں میں دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔