• news

پاکستان آرمی کا زرعی تحقیقاتی کونسل سے دالیں خریدنے میں اظہار دلچسپی 

اسلام آباد (نامہ نگار) آرمی سپلائی کور کے وفد نے بریگیڈئر فواد جیلانی کی قیادت میں پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے ہیڈکوارٹرز میں ڈاکٹر محمد عظیم خان چیئر مین پی اے آر سی سے ملاقات کی۔ وفد میں ان کے ہمراہ کرنل حامد، میجر سلمان اور میجر سارہ بھی موجود تھیں۔ ڈاکٹر محمدعظیم خان نے آرمی وفد کو دالوں کی پیداوار میں اضافے کے منصوبے کے تحت جاری سرگرمیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کس طرح یہ منصوبہ دالوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے میں اہمیت کا حامل ہے اور دالوں کی پیداوار میں اضافے کا منصوبہ دالوں کیلئے بہتر اقسام کی تیاری، معیاری بیج کی فراہمی، جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی، بڑھتی ہوئی آبادی اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے اغراض و مقاصد پر مشتمل ہے۔ آرمی کے وفد کی جانب سے  پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے ساتھ بہت جلد دالوں کی خریداری متعلق مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے میں دلچسپی بھی ظاہر کی۔ ڈاکٹر عظیم خان، چیئر مین نے پی اے آرسی ٹیکنالوجی ڈسپلے سینٹر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ڈسپلے سینٹرکا بنیادی مقصد حفظان صحت کے اصولوں پر مبنی اشیاء خورونوش کو عوام تک پہچانا ہے۔ ان اشیا کی تیاری پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے سائنسدانوں کی جانب سے ان کی زرعی تحقیق کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔ زرعی کونسل کے سائنسدانوں کی تحقیق پر مبنی یہ اشیا اب عام پبلک کے لئے بھی دستیاب ہیں۔ ان اشیاء میں شہد، مشروبات، پولٹری و ڈیری مصنوعات، تازہ سبزیاں، اناج، کھادیں، منظور شدہ اقسام کے بیج، ہربل مصنوعات نیز بیکری سے متعلقہ مصنوعات بھی شامل ہیں۔ آرمی کے وفد نے پی اے آرسی ٹیکنالوجی ڈسپلے سینٹر کا بھی دورہ کیا اورحفظان صحت پر مبنی ڈسپلے سینٹر کی مصنوعات میں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور زرعی کونسل کے  چیئر مین اور ان کی ٹیم کی جانب سے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ بعد ازاں آرمی کے وفد نے قومی زرعی تحقیقاتی مرکز میں گرین کوالٹی ٹیسٹنگ لیب کا دورہ بھی کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن