جمعیت علماء اسلام نے چترال‘ کراچی لاڑکانہ میں ناموس رسالت و تحفظ ختم نبوت کانفرنسز کے شیڈول کا اعلان کر دیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام نے پشاور کی تاریخ ساز اور عظیم الشان کانفرنس کے بعد 17ستمبر کو چترال میں ناموس رسالت وتحفظ ختم نبوت کانفرنس، 29اکتوبر کو کراچی میں ناموس رسالت وناموس صحابہ واہل بیت بیاد حضرت مولانا مفتی محمود اور 29نومبر کو لاڑکانہ میں تاریخ ساز ناموس رسالت وناموس صحابہ واہل بیت بیاد شہید اسلام علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کانفرنسیں کر نے کا اعلان کر دیا اس بات کا فیصلہ جے یو آئی کی مرکزی مجلس عاملہ اور امراء ونظماء کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا جو جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے بتایا کہ جے یو آئی بلوچستان، پنجاب میں بھی تاریخ ساز کانفرنسوں کے شیڈول کا جلد اعلان کرے گی۔ جے یوآئی ربیع الاول کا متبرک مہینہ شان رسالت و تحفظ ختم نبوت کے طور پر منائے گی۔ جے یوآئی کی مجلس عاملہ نے سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کرنے اور فرانسیسی جریدے چارلی ایبڈو کی جانب سے دوبارہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا اور مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری طور پر سخت الفاظ میں احتجاج کیا جائے اور ان ممالک کے سفیروں کو دفتر خارجہ بلاکر باقاعدہ احتجاج کیا جائے۔ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی، مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت متاثرین کی امداد کر نے کے بجائے بیان بازی میں لگی ہوئی ہے۔ اجلاس نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔