پی ٹی آئی رہنما مدد علی شاہ کی پرویزالٰہی سے ملاقات: دوبارہ ق لیگ میں شامل
گجرات (نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی، ممبر قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی سے تحریک انصاف حلقہ این اے 70 کے ایم این اے سید فیض الحسن شاہ کے کزن سید مدد علی شاہ نے ملاقات کر کے مسلم لیگ (ق) میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے چودھری خالد اصغر گھرال بھی موجود تھے۔ جبکہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابق چیئرمین یو سی کلیووال سیداں چودھری محمد ادریس، سابق ناظم یوسی میاںچاہ میاں سجاول بشیر لالہ موسیٰ، چودھری شہزاد کائرہ چیئرمین پی ٹی یو، سابق امیدوار چیئرمین یوسی برنال چودھری شاہد رضا، چودھری اعجاز نمبردار ٹھکریاں، مہر غفار احمد صدر انجمن آڑھتیاں لالہ موسیٰ، چودھری مظہر مغلیانوالی ، چودھری وحید سندھاریا، سید فضل عباس شاہ کلیووال سیداںو دیگر بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد ہمیشہ عام آدمی تک بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن بنانا ہے۔ اہل گجرات کے لیے ہم کچھ کر سکیں اس سے بڑھ کر اور ہمارے لیے اعزاز کی بات کیا ہو سکتی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن ہوں یا جنرل الیکشن ق لیگ نے ہمیشہ عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی ہے۔ آئندہ بھی موقع ملا تو ہم عوام کی خدمت کو ہی ترجیح دینگے ۔ اہل گجرات کی ہمارے خاندان سے محبت کو ہم کبھی نہیں بھلا سکتے۔ اس موقع پر تحریک انصاف حلقہ این اے 70کے سینئر رہنما سید مدد علی شاہ نے چودھری پرویز الٰہی اور چودھری مونس الٰہی ، چودھری عبدالسعید کندوانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کے ساتھ 1983 سے تعلق واسطہ قائم ہے۔ چودھری صاحبان کی اہل گجرات اور عوامی مفاد کے حل کے لیے کئے گئے اقدامات کسی سے چھپے ہوئے نہیںجیسے 1122 ، مفت ادوایات اور تعلیم شامل ہیں۔ چودھری برادران کی عوام سے محبت ہمیں پارٹی میں کھینچ لائی ہے۔ اسی محبت کہ جذبے کو دیکھتے ہوئے ہمارے پورے حلقہ احباب نے مسلم لیگ میں شمولیت اور چودھری صاحبان کے ہاتھ مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ہم وفاداری اور خلوص کے ساتھ اپنی قیادت کو سپورٹ کریں گے۔