فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم ڈلیوری یونٹ نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرارر دے دی ۔ وزیراعظم عمران خان کا ڈلیوری یونٹ سرکاری اداروں کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کر رہا ہے اور وفاقی وزارت تعلیم کی کارکردگی کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے۔عوام کی شکایات کے ازالے پر کارکردگی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 18افسران کے ڈیش بورڈز پر 542 شکایات کی جانچ پڑتال کی گئی۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افسران نے عوامی شکایات کے حل میں کوتاہی کا مظاہرہ کیا۔ سابق ڈی جی فیڈرل ایجوکیشن سے غیر تسلی بخش کارکردگی پروضاحت طلب کر لی گئی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فیڈرل ایجوکیشن اور پرنسپل ایف جی کالج ہوم اکنامکس سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی کارکردگی کی تعریف کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ افسران عوامی شکایات کے حل اور شہریوں کی رائے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔