• news

بھارت سمیت سارک ممالک کے مابین تجارتی تعلق میں بہتری کیلئے پرعزم ہیں: گورنر

لاہور(کامرس رپورٹر )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صدر سارک چیمبر آف کامرس اور چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ افتخار علی ملک کی عیادت کی۔ جمعرات کو گورنر نے 78 سالہ افتخار علی ملک کی عیادت کے لئے ان کی رہائش گاہ پر کئے اور جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے دو سال کی مدت کے لئے سارک چیمبر کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر افتخار علی ملک کو مبارکباد بھی دی‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کو معاشی طور پر دنیا کا سب سے مربوط خطہ بنانے اور بھارت سمیت سارک ممالک کے مابین تجارتی تعلقات میں بہتری لانے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔ جنوبی ایشیا دنیا کے متحرک ترین لیکن سب سے کم مربوط علاقوں میں سے ایک ہے کیونکہ اس کی انٹرا ریجنل تجارت مجموعی تجارت کا محض 5 فیصد ہے جبکہ اس کے مقابلہ میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان میں یہ شرح 25 فیصد ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت سارک خطے میں امن کی بحالی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے اور پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پرقائم رکھنا چاہتا ہے۔ سرگودھا سے نامہ نگارکے مطابق گورنر پنجاب محمد سرور نے کہا کہ تاجروں کا آگ سے ہونے والا نقصان پورا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائے رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور مرکزی انجمن آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر لیبر و انسانی وسائل پنجاب انصر مجید خان نیازی کی قیادت میں سرگودھا کے چوک بلاک نمبر1کے تاجران پر مشتمل وفد نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاوس میں ملاقات کی۔جس میں گورنر پنجاب محمد سرورکو سرگودھا شہر کے وسط بلاک نمبر 1میں لگنے والی آگ سے ہونیوالے نقصانات کے حوالہ سے نقصانات سے آگاہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن