ڈونلڈ ٹرمپ کا کرونا وائرس سے متعلق جھوٹ بولنے کا اعتراف
واشنگٹن (نیٹ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے عالمی وبا کرونا کی ابتدا میں وائرس کے خطرے کی سنجیدگی کم کرنے کی کوشش کی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صحافی باب وڈورڈ کو ان کی کتاب کیلئے مختلف انٹریوز دیئے، گزشتہ روز امریکی میڈیا کے کچھ حلقوں نے اس کے کچھ حصے جاری کردیئے جس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے کرونا کی ابتدا میں وائرس کے خطرے کی سنجیدگی کم کرنے کی کوشش کی۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ کرونا وائرس فلو سے زیادہ خطرناک ہے اور یہ ہوا کے ذریعے پھیلتا ہے جبکہ وہ اس بیماری کی شدت کے بارے میں اس سے کہیں زیادہ جانتے تھے جو انہوں نے عوام کے سامنے کہا تاہم وہ اب بھی اس کی سنجیدگی کم ظاہر کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ اس بارے میں ہلچل نہیں پھیلانا چاہتے۔بعد ازاں وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ میں لوگوں کو خوفزدہ نہیں دیکھنا چاہتا اور افراتفری نہیں پھیلانا چاہتا، ہم اعتماد اور ہمت کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے اس خبر کے ردعمل میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے کورونا وائرس کے خطرے کو کم کرکے بیان نہیں کیا بلکہ تحمل کا مظاہرہ کیا اور وائرس کو سنجیدگی سے لیا۔