کلثوم نوازکی برسی منائی گئی‘ جمہوریت کی جرات مند آواز تھیں: شہباز شریف
اسلام آباد+لاہور+ سندر (وقائع نگار خصوصی‘ نیوز رپورٹر+لیڈی رپورٹر+نامہ نگار) شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے ایک شفیق ماں، قابل فخر بہن، سعادت مند بیٹی اور غم گسار بیوی کے طور پر تاریخی کردار ادا کیا۔ بیگم کلثوم نواز جمہوریت کی جرات مند پکار اور آمریت کے خلاف عوام کی للکار ثابت ہوئیں۔ اپنی جرات و بہادری اور فہم و بصیرت سے انہیں قومی تاریخ میں منفرد مقام حاصل ہوا۔ علاوہ ازیں لیگی کارکنوں نے کلثوم نواز کی برسی منائی۔ میاں نوازشریف کی رہائش گاہ سے متصل قبرستان میں مسلم لیگی کارکنوں نے ایم پی اے مرزا جاویدکی قیادت میں قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔لاہورسے لیڈی رپورٹر کے مطابق شعبہ خواتین کے زیراہتمام کلثوم نواز کی دوسری برسی کی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوئی۔ سینیٹر نزہت عامر صادق، تہمینہ دولتانہ، ذکیہ شاہنواز، سائرہ افضل تارڑ، شائستہ پرویزملک، راحت افزا، رابعہ فاروقی، کنول، ڈاکٹر فرزانہ نذیرو دیگر نے شرکت کی۔ غزالہ سعد رفیق نے دعا کروائی۔