قائمہ کمیٹی نے موبائل فون صارفین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کی سفارش کر دی
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے موبائل فون صارفین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کی سفارش کر دی جبکہ طلباء کو آسان اقساط پر ٹیلیفون سیٹ فراہم کرنے کی بھی سفارش کی ہے ۔جمعہ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس چیئرپرسن کمیٹی روبینہ خالد کی زیر صدارت میں ہوا، اجلاس میں بلوچستان کے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس میسر نہ ہونے کا معاملہ زیر غور آیا، سینیٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ یہ لوگوں کی بنیادی ضرورت ہے ،وہاں کے بچے آن لائن نہیں پڑھ سکتے، بچوں نے کہا ہے کہ ہم آن لائن کیسے پڑھیں، سینیٹر تاج محمد آفریدی نے کہا فاٹا میں وائی فائی نہیں دیا جا رہا ،پی ٹی اے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ فاٹا میں پی ٹی سی ایل نے اپنا کام شروع کر دیا ہے، متعلقہ حکام نے کمیٹی کو بلوچستان کے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کی یقین دہانی کرا دی ، اجلاس میں یونیورسل سروس فنڈ کے ایم ڈی نے بتایا کہ بارڈرز سے 10کلو میٹر کے اندر سیلولر ٹاور کی تنصیب پر پابندی کے باعث سروس کا ایشو ہے۔ اس پر پی ٹی اے حکام نے شرکاء کو بتایا کہ جی ایچ کیو سے ایک معاہدہ طے پایا ہے ْجس کے تحت سیلولر کمپنیز سرحدوں کے پر ٹاور کی تنصیب کی پابندی10کلو میٹر سے کم کرکے 3کلو میٹر کر دی گئی ہے۔ اس طرح سرحد کے قرب وجوار کے علاقوں میں انٹر نیٹ کی سہولت کی دستیابی یقینی ہو جائے گی۔اجلاس میں پی ٹی سی ایل کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا معاملہ زیر غور آیا، سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ کیاان کا پنشن لینا لیگل رائٹ ہے یانہیں ؟پنشن ان کا حق ہے، ان کو پنشن دی جائے، جنہوں نے کمیٹی کی ہدایات پر عمل نہیں کیا ان کی گرفتاری کی ہدایات دی جائیں،کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پی ٹی ای ٹی کے بورڈ ممبرز کوطلب کر لیا، اجلاس میں سو شل میڈیا پر سینیٹرکلثوم پروین پر لگائے گئے الزامات کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ کمیٹی نے موبائل فون صارفین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کی سفارش کر دی ۔قائمہ کمیٹی نے سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کی تجویز پر طلباء کو آسان اقساط پر 4جی سہولت سے آراستہ موبائل فون اور ٹیبلیٹ فراہم کرنے کی بھی سفارش کر دی ۔