موٹروے واقعہ جماعت اسلامی خواتین ، سنی تحریک کے احتجاجی مظاہرے
لاہور‘ اسلام آباد (لیڈی رپورٹر‘ وقائع نگار خصوصی‘ خصوصی نامہ نگار) موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے خلاف حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام گزشتہ روز پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید، ربعیہ طارق صدر وسطی پنجاب، ڈاکٹرسمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر زبیدہ جبیں صدر لاہور نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی اور مجرمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین اس موقع پر زبردست نعرے بازی بھی کرتی رہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بچوں، بچیوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے کیسز میں رہا شدہ مجرموں کا نام ای سی ایل میں ڈالاجائے اور اصل مجرموں کا سراغ لگانے کے لئے کیسز کو ری اوپن کیا جائے، پورے ملک میں بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے مجرموں سمیت موٹر وے کے مجرموں کوگرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ بچوں اور بچیوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی، ریپ اور قتل کے مجرموں کوقانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے بِلاتاخیر سرعام پھانسی دی جائے۔ مظاہرین نے کہاکہ موٹر وے واقعے کے مجرموں کو جلد کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو خواتین اپنے تحفظات اور انصاف کے لئے بھر پور آواز بلند کریں گی۔ اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے خلاف نیشنل پر یس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سابق ایم این اے عائشہ سید، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سکینہ شاہد، ، نائب ناظمات شمالی پنجاب نذہت بھٹی، کوثر پروین اور رخسانہ غضنفر، ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید او سابق ایم این اے بلقیس سیف سمیت سیکڑوں خواتین نے شر کت کی اس موقع پر خواتین نے واقعہ کے خلاف زبر دست نعرے بازی بھی کی۔ احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی اسلام آباد کے نائب امیر محمد کاشف چوہدری ، اور ڈاکٹر طاہر فاروق نے بھی خطاب کیا۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق لاہور موٹر وے پر جنسی زیادتی کے واقعہ کے خلاف پاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کی قیادت تحصیل صدر محمد وسیم نقشبندی، سٹی صدر مفتی شہباز علی سیال، ملک عرفان مقبول، حکیم عرفان تبسم، ملک عبدالرحمان، ملک فخر عباس سمیت دیگر نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محمد وسیم نقشبندی، مفتی شہباز سیال، نعمان قادری و دیگر نے کہا کہ شرمناک واقعہ نے پوری قوم کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں۔ واقعہ پنجاب حکومت کی نااہلی ہے۔ وزیراعلیٰ متعلقہ ذمہ داران کو فوری برطرف کریں۔