• news

وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کو وطن کارڈ دے، بلاول، 4لاکھ خاندانوں کو ایک لاکھ فی کس دیا جائے: مراد شاہ

میرپورخاص ( نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے سیلاب متاثرین کو وطن کارڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔میر پور خاص میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں و سیلاب سے نقصانات پر اسلام آباد کے حکمرانوں کی توجہ دلائی، راشن بانٹنے سے متاثرین کے مسائل حل نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں زیادہ وقت گزارا، ابھی تو شروعات ہے، پیپلزپارٹی کے ایم این ایز، ایم پی ایزاپنے طور پرمحنت کرتے ہیں، میرپورخاص ،عمرکوٹ، بدین، تھرپارکر میں نقصانات ہوئے، نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے خود متاثرہ علاقوں میں پہنچے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری نے 2011 میں متاثرین کو وطن کارڈ دئیے تھے، پیپلزپارٹی کے جیالے جانتے ہیں حق کے لیے احتجاج کیسے ہوتا ہے، حکومت کو سندھ کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑنے دینگے، اس سال سندھ حکومت کو 200ارب روپے کم دیے گئے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو این ایف سی کے شیئرنہیں دیے، بارشوں، سیلاب اور ٹڈی دل سے ملک کے کسان پریشان ہیں، ایمرجنسی ڈکلیئر کرکے چھوٹے کسانوں کی بھی مدد کرنی چاہیے، ملک کے غریب کسان بڑا نقصان برداشت نہیں کرسکتے،عوام کے مسائل کے حل کیلئے سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ہر کسان کو معاوضہ دینا چاہئے۔ دریں اثناء  بھٹو زرداری نے خیرپور ناتھن شاہ سے تعلق رکھنے والے ایم آر ڈی کے شہداء کی برسی پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ پاکستان میں جمہوریت مفت میں نہیں ملی، پیپلز پارٹی نے اس کی خاطر جانوں کی قربانیاں دیں۔اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ خیرپور ناتھن شاہ کے 12 شہید کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،تاریخ اْن شہیدوں کی عظیم قربانی کا ذکر سنہری حروف میں لکھے گی۔ دریں اثناء مختلف ممالک کے قونصل جنرلز سے ملاقات میں وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق سے سیلابی اور بارشوں سے متاثرہ 4 لاکھ خاندانوں کو فی کس ایک لاکھ روپے دینے کی درخواست کی ہے انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کا زور کم ہونے کے بعد بارشوں کی تباہ کاروں کا سامنا کر رہے ہیں کرونا کے بعد سندھ میں بیروزگاری  اور غربت بڑھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ  کی بحالی کیلئے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں سڑکوں گھروں کی تعمیر نو اور ندی نالوں کی مرمت کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن