موٹروے واقعہ‘ مجرموں کو شرعیت کے مطابق سزائیں دی جائیں:حامدرضا
لاہور( خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل کے سربراہ اور قرآن بورڈ پنجاب کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ موٹروے واقعہ کے ملزمان کو شرعی سزائیں دی جائیں۔ قوم میں بڑھتی ہو ئی بے راہ روی معاشرتی برائیوں کا نتیجہ ہے۔ موٹروے واقعہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے شاندار ایکشن لیا۔ اپوزیشن محاذ آرائی کی بجائے ہوش سے کام لے۔ پنجاب حکومت نے دو سال میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ ملک میں فرقہ واریت کو جنم نہیں لینے دیں گے۔ شرپسند عناصر فرقہ واریت کو ہوا دے کر ملک کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ملک سیاسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قوم کو جوڑنے کی بجائے توڑنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ اپوزیشن منفی سیاست کو چھوڑ کر مثبت سیاست کرے۔ بروقت ایکشن لینے سے موٹروے واقعہ کے ملزمان جلد گرفتار ہو جائیں گے۔پنجاب حکومت اور انتظامیہ شاباش کی مستحق ہے۔ تصادم کی سیاست کرنیوالی اپوزیشن قومی ایشوز کی سیاست کرے۔