• news

خواتین‘ بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو مثالی سزا دی جائے: خورشید احمد

لاہور (پ ر) محنت کشوں نے خواتین کی عزت اور جان کے تحفظ اور موٹر وے پر معصوم عورت کے ساتھ انسانیت سوز زیادتی کے خلاف آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے زیراہتمام زبردست احتجاجی جلوس نکالا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ضمانت شدہ بنیادی انسانی حقوق اور ملک کے مروجہ قوانین پر عمل کرائے۔ ملک میں خواتین کا مکمل تحفظ کرے اور موٹر وے پر معصوم خاتون اور بچوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک پر ملزمان کو مثالی سزا دلائے۔ جلوس میں محنت کشوں کی بھاری تعداد تھی۔ انہوں نے خواتین کی جان و صحت کی حفاظت کرنے اور موٹر وے پر معصوم جانوں پر ظلم و ستم کرنے والے ملزمان کو سزا دلوانے کے لئے اپنے مطالبات کے حق میں بینرز و قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ خورشید احمد جنرل سیکرٹری اور کنفیڈریشن کے نمائندگان روبینہ جمیل صدر‘ اسامہ طارق و دیگر نمائندگان کنفیڈریشن نے احتجاجی جلوس کی قیادت کی۔ اس موقعہ پر خورشید احمد جنرل سیکرٹری کنفیڈریشن ہذا نے وزیراعظم پاکستان و صوبائی وزیراعلیٰ کو یاد دلایا کہ خواتین ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی ہے۔ وہ معاشرہ میں ماں‘ بیٹی‘ بہن اور بیوی کی طرح مثالی کردار سرانجام دیتی ہیں لیکن معاشرہ میں ان کے خلاف جرم کرنے والوں کو سزا نہیں ملتی۔ انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ آئین پاکستان اور قومی قوانین کے مطابق خواتین کا تحفظ و عزت کو یقینی بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن