بھارتی گولہ باری سے شہید بچی سپردخاک‘ بھارت کیخلاف نعرے
تتہ پانی (نامہ نگار) لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی درہ شیرخان سیکٹرمیں بھارتی فوج کی گولہ باری کے نتیجہ میں زخمی بچی اقراء قمریز جوزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راولپنڈی ہسپتال لیجاتے ہوئے کہوٹہ کے مقام پر دم توڑ کر جام شہادت نوش کرگئی تھی کو جمعہ کی شب آبائی علاقے بہک درہ شیرخان کے قبرستان میں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں وسکیوں میںسپردخاک کردیا گیا۔ نمازجنازہ ہائی سکول تتہ پانی کے گرائونڈ میں صاحبزادہ پیر سید مختار حسین شاہ بخاری نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے کرنل محمد حفیظ، اسسٹنٹ کمشنر ہجیرہ یاسر ریاض، تحصیلدار ہجیرہ محمد علی ملک، صدر الفلاح تتہ پانی ریٹائرڈ صدر معلم افتخار احمد ،سیکرٹری جنرل پریس کلب تتہ پانی ملک فاروق تبسم، سابق پی آراو سردارزاہد افضل، صدر انجمن تاجران سلطانیہ مارکیٹ سردار عبدالوحید خان ، نوجوان صحافی محمد آصف ملک، لیاقت علی ملک، ایم ڈی قائداعظم سائنس کالج ملک غلام عباس، ایم ڈی ایمز تتہ پانی سردار ابرار احمد ممتاز، چیئرمین ایس ایل ایف ملک عبدالرحیم ایڈووکیٹ ،انجینئر عدیل نسیم ،طاہر ملک ،عباس شبیردیگر سیاسی ،سماجی ،مذہبی شخصیات، پاک فوج وانتظامیہ کے دیگر آفیسران ،میڈیا نمائندگان ، تاجروں وشہریوں اور عوام علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ہجیرہ یاسر ریاض نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایل اوسی پر بسنے والوں کا جذبہ اور ہمت قابل دید ہے۔ شہید بچی کی قربانی ہرگز رائیگاں نہیں جائیگی۔ متاثرین ایل اوسی کی مشکلات کا شدت سے احساس ہے۔ بینکرز کی تعمیر کاکام مرحلہ وار جاری ہے، تمام متاثرین ایل اوسی کیلئے بینکرز تعمیر کروائے جائیںگے۔ اس موقع پر حکومت آزادکشمیر کی جانب سے شہید بچی اقراء قمریزکے ورثاء کو دس لاکھ روپے کا امدادی چیک دیاگیا۔ اس دوران بھی فضاء پاک فوج کے حق میں اور بھارتی فوج کیخلاف نعروں سے گونجتی رہی۔ دریں اثناء تتہ پانی کے سیاسی وسماجی رہنمائوں اور تاجروں وشہریوں کی جانب سے آئے روز ایل او سی پر درندہ صفت بھارتی فوج کی بربریت کیخلاف میلاد چوک تتہ پانی میںشہید بچی کی میت کے پہنچنے پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔