ایل ڈی اے سٹی کیس‘ احد چیمہ سمیت 10 ملزموں کیخلاف انویسٹی گیشن بند کرنیکا حکم
لاہور (وقائع نگارخصوصی) لاہور کی احتساب عدالت نے ایل ڈی اے سٹی کرپشن کیس میں احد چیمہ سمیت دس ملزموں کے خلاف انوسٹی گیشن بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے ایل ڈی اے سٹی کرپشن کیس میں نیب کی درخواست کو منظور کر لیا نیب حکام نے احد خان چیمہ کے خلاف انوسٹی گیشن بند کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کروا رکھی ہے۔ نیب کے مطابق ملزموں کی جانب سے متاثرین کو باقاعدہ پلاٹس فراہم کئے جا رہے ہیں اور ٹھیکیداروں نے زمین بھی فراہم کر دی ہے لہذا عدالت قانون کے مطابق انوسٹی گیشن بند کرنے کی درخواست منظور کرے۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اس کیس میں ڈیرھ سال گرفتار رہے لاہور ہائیکورٹ نے احد چیمہ کی ضمانت منظور کی تھی ملزموں پر ایل ڈی اے سٹی میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کرنے کا الزام تھا۔ نیب کے مطابق عبدالرشید وغیرہ ایل ڈی اے سٹی میں ڈویلپمنٹ پارٹنر تھے مگر انہوں نے احد چیمہ کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر اربوں کے پلاٹ فروخت کر دیئے اور عوام سے رقم ہتھیا لی۔