موٹروے زیادتی کیس: جوڈیشل کمشن کیلئے سپریم کورٹ‘ لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں
لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور موٹر وے پر جنسی زیادتی کیس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی آئینی درخواست اسلام آبادکی دو خواتین وکلا کی طرف سے جہانگیر جدون کے زریعے دائر کی گئی جس میں وفاق،آئی جی پنجاب،آئی جی موٹر ویز اور سی سی پی او لاہور کو فریق بنایا گیا ہے درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پنجاب میں ایک سا ل کے دوران چودہ ہزار آٹھ سو پچا س خواتین،بچوں اور بچیوں کے اغوا اور جنسی زیادتی کے واقعات رپورٹ ہوئے لاہورمیں خاتون کیساتھ جنسی زیادتی کے واقعے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے،کیس میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے حاضرسروس جج کی نگرانی میں جوڈیشل کمیشن قائم کرکے سانحہ لاہور واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں،اورسی سی پی اولاہور محمد عمر شیخ کو عہدے سے ہٹایا جائے،پولیس اور متعلقہ حکام کو شہریوں کے تحفظ کیلئے چوبیس گھنٹے موٹر ویز اور ہائی ویز میں مکمل تحفظ کا جامع منصوبہ بنانے کا حکم دیا جائے،اور متاثرہ خاندان اور جنسی زیادتی کا شکار خاتون کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے۔ علاوہ ازیں گجر پورہ خاتون سے اجتماعی زیادتی کا معاملہ، واقعہ کا ازخود نوٹس لینے کے لیے سپریم کورٹ ہیومن رائٹس سیل میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری کی کی سیاسی جماعت جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے ہیومن رائٹس سیل کے صدر رانا نعمان اور مدثر چوہدری کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ واقعہ انتہائی سنگین اور پولیس کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے سپریم کورٹ آف پاکستان سے استدعا ہے کہ خاتون سے زیادتی کا ازخود نوٹس لے اورسی سی پی او لاہور کے خلاف کارروائی کا حکم دے اور معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کرنے کا حکم دیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ موٹروے سے متعلق جوڈیشل کمشن بنانے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے درخواست گزار ایڈووکیٹ ندیم سرور نے موقف اختیار کیا ہے کہ پنجاب میں زیادتی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے درخواست گزار نے دائر درخواست میں استدعا کی ہے کہ سانحہ موٹروے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے استدعا میں مزید کہا گیا ہے کہ پانچ سال کے دوران ہونے والے زیادتی کے واقعات کا تمام ریکارڈ طلب کرنے کا حکم دیا جائے لاہور ہائیکورٹ میں لنک روڈ زیادتی کیس پر جوڈیشل کمشن بنانے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی درخواست ایڈووکیٹ میاں آصف محمود کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ پولیس اور استغاثہ کی غفلت کی وجہ سے مجرموں کو سزائیں نہ مل سکیں اور ان کے حوصلے بند ہوئے ایسے واقعات کو روکنے میں پولیس ڈیپارٹمنٹ ناکام ہو گیا ہے ایسے تمام واقعات پر وزیراعظم کو جوڈیشل کمشن بنانے کا حکم دیا جائے جبکہ سی سی پی او لاہور کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات پر ایکشن لیا جائے۔