حمزہ نیب نیازی گھٹ جوڑ کا ثابت قدمی سے سامنا کررہا ہے، عوام صحتیابی کیلئے دعا کریں : شہباز شریف
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘ نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے بیٹے کو جیل میں کرونا ہو گیا ہے، حمزہ کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی درخواست ہے۔ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ حمزہ نے مشرف دور میں نیب مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اب نیب نیازی گٹھ جوڑ کے سیاسی انتقام کا ثابت قدمی سے سامنا کر رہا ہے۔ میرے بیٹے حمزہ کو جیل میں کرونا ہوگیا ہے۔ میری عوام سب سے درخواست ہے کہ حمزہ کی جلد صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کریں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا تارڑ نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو جیل سے اتفاق ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں حمزہ شہباز کو جیل سے اتفاق ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا کہ حمزہ شہباز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ حمزہ شہباز کا ان کے فزیشن ڈاکٹر رضوان اختر اتفاق ہسپتال میں علاج کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمران گورائیہ نے ممبر قومی اسمبلی اور پارٹی کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کی بیماری کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے حکو مت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں علاج معالجے کے لئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے اور انہیں قوانین و ضوابط کے تحت موجود سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ملک پر مسلط نام نہاد وزیر اعظم عمران نیازی شریف خاندان سے ذاتی انتقام لے رہے ہیں جس کا حمزہ شہباز کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔