پاکستان، بھارت کرکٹ بحالی کیلئے حالات نارمل ہونا ضروری ہیں: احسان مانی
لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی سیاسی صورتحال معمول پر آنے کے بعد ہی پاک بھارت کرکٹ کی بحالی پر بات ہو گی ، بات چیت کے لیے دونوں ممالک کے سیاسی معاملات نارمل ہونا ضروری ہیں۔پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی سیاسی صورتحال معمول پر آنے پر ہی پاک بھارت کرکٹ کی بحالی پر بات ہوگی، دونوں بورڈز کے درمیان سیریز کے حوالے سے بات چیت کا آغاز نہیں ہورہا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بات چیت کیلئے دونوں ممالک کے سیاسی معاملات نارمل ہونا ضروری ہیں ، ماضی میں کئی بار سیریز کے حوالے سے بھارت سے بات ہوئی اب معاملہ انہی کے ہاتھ میں ہے۔احسان مانی نے واضح کیا کہ بھارت کے ساتھ ٹی ٹونٹی لیگ شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق حکومتی مداخلت نہیں ہونی چاہئے ، اس لیے اب آئی سی سی کو بات کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارتی بورڈ کے ہاتھ میں کچھ نہیں جبکہ پاکستان میں بورڈ حکام کو ایسے ایشو کا سامنا نہیں۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ وہ بھارتی بورڈ کے صدر سے پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شامل کرنے کی درخواست بھی نہیں کریں گے۔بھارت نے چودہ سال سے پاکستان میں دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی‘کئی بات بار ان سے بات کر چکے ہیں ۔ پاکستان نے آٹھ سال سے بھارت کا دورہ نہیں کیا ۔ دونوں ٹیموں نے آئی سی سی ایونٹس میں ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی میں ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلے ہیں ۔ پاکستانی کرکٹرزآئی پی ایل کے ابتدائی ایڈیشن میں ہی کھیلے تھے ۔ اب بھارتی کرکٹ بورڈ پر منحصر ہے کہ وہ اگر پاکستان سے کھیلنا چاہتا ہے تو بات کرے ۔1990ء کی دہائی میں دونوں بورڈز کے درمیان اچھے تعلقات تھے ۔ انہوںنے کہا دونوں بورڈز کو ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ہو گا۔ تعلقات وہ نہیں جیسے ہونے چاہئے تھے ۔ جب چیئرمین پی سی بی بنا تو خراب تعلقات پر حیرانی ہوئی ۔ بہتری کیلئے بڑی کوشش کی مگر تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی ۔ کرونا وائرس کب ختم ہوگا کچھ نہیں سکتے ‘کرکٹ کھیلنے والے ممالک کو اس دوران بہت سے مسائل کاسامنا ہے ۔ پاکستان نے وائرس پر اچھے طریقے سے قابوپایا مگر بھارت میں صورتحال برعکس ہے ‘بھارت میں کرکٹ جلد شروع ہونے کا کوئی امکان نہیں ۔ تمام کرکٹ بورڈز کیلئے دسمبر اور جنوری تک کرکٹ شروع کرنا بہت بڑا چیلنج ہے ۔