ہول سیل ڈیلر سے ریٹیلر تک عوام کا ااستحصال کرتے ہیں:میاں عثمان
لاہور( کامرس رپورٹر) اشیائے خوردونوش کی ڈیمانڈاور سپلائی کاجائزہ لینے اور قیمتوں کو چیک کرنے کا موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہول سیل ڈیلر سے ریٹیلر تک عوام کا استحصال کرتے ہیں ، ایک محتاط اندازے کے مطابق پورے ملک میں ماہانہ اربوں روپے کی گراں فروشی ہوتی ہے جو عوام کی جیبوں سے نکلتے ہیں ،ادارہ شماریات کے قیمتوں کے حوالے سے ماہانہ اعدادوشمار حقائق پر مبنی نہیں ہوتے بلکہ جتنی مہنگائی بتائی جاتی ہے شرح اس سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہارپرائس کنٹرول کمیٹی کے سابق چیئرمین میاں عثمان نے صارفین کی نمائندہ تنظیم کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ہول سیل اور ریٹیل کی سطح پر قیمتوں کو چیک کرنے کا کوئی میکنزم نہیں ، مارکیٹوںمیں کتنی ڈیمانڈ ہے اور کتنی سپلائی آرہی ہے اس کا بھی درست اندازہ نہیں لگایا جاتا ،پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہیں جس کی وجہ سے دکاندار عوام کی جیبوں پر بلا خوف ڈاکہ ڈالتے ہیں ،غیر سرکاری اور غیر حتمی طور پر ایک محتاط انداز کے مطابق پورے ملک میں ماہانہ اربوں روپے کی گراں فروشی ہوتی ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔