• news

معاشی ترقی کیلئے تھنک ٹینک کا قیام ناگزیر ہے:کارپٹ ایسوسی ایشن

 لاہور( کامرس رپورٹر) پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی کیلئے قومی سطح پر '' تھنک ٹینک '' کا قیام نا گزیر ہے ،ایسی قومی پالیسی تیار کی جائے جس پر حکومتوں کی تبدیلی کے اثرات مرتب نہ ہوں،برآمدات کے فروغ کیلئے اعلانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ،پاکستانی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ اور تشہیر کیلئے مختلف ممالک میں منعقدہ نمائشوں میں زیادہ سے زیادہ وفود کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر ، چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف ،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد،ملک اکبر، اعجا زالرحمان اور میجر (ر) اختر نذیر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔کارپٹ ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے کہا کہ دنیا اب ایک دوسرے کو معاشی میدان میں پچھاڑرہی ہے۔ اس لئے ہمیں بھی اپنے معاشی ڈھانچے کا از سر نو جائزہ لینا ہوگا۔معیشت کے حوالے سے قومی پالیسی تیار کرکے اس کی دستاویز کو قانونی حیثیت دی جائے تاکہ حکومتوں کی تبدیلیوں کے اثرات اس پر اثر انداز نہ ہوں۔برآمدات کے فروغ کیلئے نئی منڈیا ں تلاش کی جائیں، مقامی انڈسٹری خصوصاً برآمدی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے اور انہیں مراعات اور سہولیات دی جائیں۔ دنیا کے مختلف ممالک خصوصاًخطے کے حریف ممالک کا مقابلہ کرنے کے لئے برآمدی انڈسٹری کی غیر مشروط سرپرستی کی جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن