• news

حکومت اینٹی منی لانڈرنگ ترمیمی بل پر اتفاق رائے کیلئے اپوزیشن سے مذاکرات شروع کریگی

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا وفاقی حکومت رواں ہفتہ کے دوران  ایف اے ٹی ایف  سے متعلق  اینٹی منی لانڈرنگ  ترمیمی بل  پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کا آغاز کرے گی  پارلیمنٹ کے  دونوں  ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں بھی اپوزیشن کو حکومت پر 7ووٹوں کی سبقت حاصل ہے اس لئے حکومت اپوزیشن کو راضی کئے بغیر  پارلیمنٹ  کے سونوں ایوانوں  میں متنازعہ بل  لا کر مسترد کرانے کا خطرہ  مول نہیں لے گی  ذرائع کے مطابق ایک بار پھر قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر اور وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی اپوزیشن جماعتوں  کے قائدین سے  بات چیت کا آغاز کریں گے اس بات کا قوی امکان ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں کی مداخلت سے حکومت اور اپوزیشن  کے درمیان  بل سے متنازعہ شقیں ختم کر دی جائیں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کی وجہ سے اپوزیشن جماعتوں   کا رویہ غیر لچک دار ہوگا ۔اپوزیشن  بل پر کمپرو مائز نہیں کرے گی۔ حکومتی رہنمائوں کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے سے قبل پارلیمان میں متعدد جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی اور امید ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق  مجوزہ ترامیم حکومت کی جانب سے منی لانڈرنگ رجیم کو مضبوط بنانے کے ٹھوس عزم کو ظاہر کریں گی۔

ای پیپر-دی نیشن