معروف عالم دین خطیب علامہ ضمیر اختر نقوی انتقال کر گئے
کراچی (نیوز رپورٹر) معروف شیعہ عالم ‘ نامور خطیب علامہ ضمیر اختر نقوی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔قریبی رفقا کے مطابق علامہ ضمیر اختر نقوی کو رات گئے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ کراچی کے امام بارگاہ شہدائے کربلا میں ادا کی گئی جس کی امامت مولانا سید خورشید عابد نقوی نے کی۔ سیاسی،سماجی،مذہبی،شخصیات علامہ ضمیر نقوی کے نمازجنازہ میں شریک ہوئے جبکہ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے بھی شرکت کی جبکہ تدفین وادی حسین قبرستان میں عمل میں آئی۔علامہ ضمیر اختر نقوی بھارتی شہر لکھنو میں پیدا ہوئے، وہ ایک خطیب ہونے کے ساتھ ساتھ شاعر بھی تھے۔ضمیر اختر نقوی نے شاعری، مرثیہ نگاری سمیت درجنوں کتابیں لکھیں، انہوں نے شہزاد قاسم ابن حسن پر دو جلدوں پر مشتمل سوانح تحریر کی۔ علامہ ضمیر اختر نقوی کی تصنیف معراج خطابت 5 جلدوں پر مشتمل ہے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل‘ وزیر اطلاعات ناصر شاہ‘ صوبائی وزیر شہلا رضا‘ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئرڈپٹی کنوینر عامرخان‘ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ باقر عباس زیدی و دیگر سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے علامہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔