کراچی 2 منزلہ عمارت گرنے سے 2 افراد جاں بحق، 12 زخمی
کراچی(صباح نیوز)کراچی کے علاقہ لیاری میں دو منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے2افراد جاں بحق اور12 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ عمارت گرنے کا واقعہ لیاری کے علاقے بہارکالونی میں کوئلہ گودام کے قریب پیش آیا۔ریسکیو حکام کے مطابق گرنے والی عمارت کے ملبے کے نیچے دبی ہوئی 2لاشوں اور 12 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے، ملبے میں مزید افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت جان محمد کے نام سے ہوئی ہے جو مزدوری کرتا تھا۔ریسکیو اداروں اور علاقہ مکینوں کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، ایدھی اور چھیپا کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچی ہیں ۔علاقہ مکینوں کے مطابق گرنے والی عمارت سے متصل ایک عمارت تعمیر کی جا رہی تھی جس کے لیے شاول چلنے کی وجہ سے گرنے والی عمارت کی بنیادیں مخدوش ہو گئیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کے بعد ٹھیکیدار اور شاول ڈرائیور فوری طور پر موقع سے فرار ہو گئے۔عمارت گرنے کے باعث اس سے متصل عمارتیں بھی مخدوش ہو گئی ہیں اور ان کے بھی منہدم ہونے کا خدشہ ہے، ان عمارتوں کو لکڑیوں کے ذریعے سہارا دیا گیا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت میں تین سے چار خاندان رہائش پذیر تھے۔ بہار کالونی میں جہاں حادثہ پیش آیا وہاں سے تھوڑی ہی دور مزید مخدوش عمارتیں بھی موجود ہیں۔