بلاول نے وعدے پورے نہ ہونے پر وفاق کیخلاف بیان دیا: مراد شاہ
حیدرآباد (آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات صوبے میں حد بندیوں کے عمل کے مکمل ہونے کے بعد ہی منعقد ہو سکتے ہیں جبکہ حد بندیوں سے قبل مردم مشماری کرائی جائیگی کیونکہ قانون کے مطابق حد بندیوں کیلئے مردم شماری ہونا لازمی ہے جبکہ سندھ میں ابھی تک 1998کی مردم شماری کے تحت حدبندیاں ہیں جس کے تحت بلدیاتی انتخابات منعقد نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے صوبے میں حد بندیوں کیلئے نئی مردم شماری کرانے کے حوالے سے منظوری لی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہون شریف میں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ ایک سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ خطے میں امن امان کا ماحول برقرار رکھنا سب کی خواہش ہے اور ہم سب چاہتے ہیں کہ خطے میں امن امان ہو اور دہشتگردی والا ماحول پید ا نہ ہو۔ ایک سوال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے وفاق کے خلاف احتجاج کے حوالے سے بیان صوبے میں بارش زدہ علاقوں میں وفاقی حکومت کی جانب سے لوگوں کی معاونت نہ کرنے اور گذشتہ دو سالوں سے این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے کیے گئے وعدوں کے پورا نہ کرنے کی وجہ سے دیا گیا ہے۔ ایک سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت سندھ وفاقی حکومت سے ملکر مختلف منصوبوں پر کام کرے گی اور اس ضمن میں وزیر اعظم کو صوبے کے لیفٹ بینک کے علاقوں میں ڈرینج نظام کی بہتری کے منصوبوں کو شامل کرنے کیلئے بھی تحریری طور پر سفارش کی گئی ہے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واہڑ میں اپنے والد سندھ کے سابقہ وزیر اعلیٰ مرحوم سید عبد اللہ شاہ کی مزار پر فاتحہ خوانی کی۔ مراد علی شاہ نے ہالا پہنچ کر مخدوم ہائوس میں سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزماں سے انکے بھائی صوبائی وزیر ریونیو مخدوم محبوب الزمان سے انکے چچا مخدوم عقیل الزماں کے انتقال پر ان سے تعزیت کی۔