اسرائیل‘ امارات‘ بحرین سمجھوتہ کیخلاف فلسطینیوں کے تمام دھڑوں کا مشترکہ جدوجہد کا اعلان
اسلام آباد (جاوید صدیق) فلسطینیوں کے تمام دھڑوں نے اسرائیل‘ عرب امارات اور بحرین کے درمیان پندرہ ستمبر کو واشنگٹن میں ہونے والے مجوزہ سمجھوتے کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس جدوجہد کو انتفادہ تھری کا نام دیا گیا ہے۔ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے صدر محمود عباس کی اسرائیل اور متحدہ عرب امارات اور بحرین کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کے خلاف مشترکہ فلسطینی مزاحمت کو حمایت حاصل ہے۔ اسرائیل کے اخبار کے مطابق فلسطینی مزاحتمی گروپ میں اسرائیل کے خلاف 1987ء میں شروع ہونے والے پہلے انتفادہ مزاحتمی تحریک میں شامل گروپ شامل ہوں گے۔ فلسطینی گروپ اس مزاحتمی تحریک کو انتفادہ تھری کا نام دے رہے ہیں۔ انتفادہ تھری کا مقصد اسرائیل اور عرب ریاستوں کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کے خلاف احتجاج ہے۔ نئے فلسطینی مزاحتمی گروپ نے اپنے پہلے بیان میں جو اتوار کے روز فلسطین کے ٹی وی پر نشر ہوا ہے، میں فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل امارات اور بحرین کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔