قومی طاقت کے تمام عناصر خطہ میں امن ، خوشحالی کیلئے متحد ہیں: جنرل باجوہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) افغانستان میں مفاہمت کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کی قیادت میں ایک امریکی وفد نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کیلئے پاکستان کے خصوصی نمائندے ایمبیسیڈر محمد صادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دوران ملاقات باہمی دلچسبی کے امور، خطہ کی سلامتی کے حالات اور افغانستان میں مفاہمت جیسے موضوعات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ زلمے خلیل زاد نے افغان امن و مفاہمت کے عمل میں پاکستان کے کردار کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پرخلوص اور غیر مشروط مدد و حمایت کے بغیر یہ امن عمل کامیاب نہیں ہو سکتا تھا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خطہ میں امن اور روابط قائم کرنے کے لئے ایک واضح ویژن دیا ہے۔ قومی طاقت کے تمام عناصر اس ویژن کو حقیقت میں بدلنے کیلئے متحد ہیں تاکہ خطہ میں اس امن اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے، جس کا طویل عرصہ سے انتظار کیا جا رہا ہے۔