کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے کے آرڈیننس میں 3 ماہ کی توسیع‘ ایف اے ٹی ایف سے متعلق کوآپریٹو سوسائیٹیز ترمیمی بل منظور
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو اپیل کا حق دینے سے متعلق آرڈیننس کی مزید 3ماہ تک توسیع کی قرار داد کی منظوری دیدی گئی جبکہ سینیٹ سے مسترد ہونے والے انسداد منی لانڈرنگ اور اسلام آباد دارالحکومت علاقہ جات وقف املاک بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کرنے کی تحاریک کو بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ ایف اے ٹی ایف سے متعلق کوآپریٹو سوسائٹیز (ترمیمی) بل2020کی بھی کثرت رائے سے منظوری دیدی گئی۔ اپوزیشن جماعتوں نے قرار داد، تحاریک اور بل کی مخالفت کی۔ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو میں اپیل کا حق دینے سے متعلق آرڈیننس کی مزید 3ماہ تک توسیع کی قرار داد پیش کی جسکی بھی اپوایشن نے مخالفت کی اور کہا کہ حکومت آرڈیننس ہم پر مسلط مت کرے،حکومت آرڈیننس کی بجائے بل ایوان مین پیش کرے جسکو منظور کیا جائے۔رائے شماری کے قرار داد کو بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے آپریٹوسوسائٹیز(ترمیمی) بل2020 پیش کیا ،بل کی شق واری منظوری کے بعد کثرت رائے سے بل منظور کر لیا گیا۔قومی اسمبلی میں متعدد قائمہ کمیٹیوں کی میعادی رپورٹیں پیش کردی گئیں۔