متاثرہ خاتون چاہے تو سانحہ موٹروے پر جوڈیشل کمشن بن سکتا ہے: گورنر
لاہور(نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اگر متاثرہ خاتون چاہے تو سانحہ موٹر وے پر جوڈیشل کمیشن بن سکتا ہے۔ سانحے میں ملوث ملزمان دہشت گرد ہیں انکے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی ان کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔ حکومت یہ نہیں کہتی کہ نوازشر یف علاج نہ کروائے مگر جو علاج ہورہا ہے اسکی معلومات حکومت اور عدلیہ کو دیکر مطمئن کریں۔ اپوزیشن میں نظریہ اور اتحاد نام کی کوئی چیز نہیں۔ وہ گورنر ہاؤس لاہور میں بوائز سکاؤٹس کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کے سلسلہ میں پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹوگورنر پنجاب ڈاکٹر راشد منصور، صوبائی کمشنر پنجاب بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن محمد شہر یار سلطان، صوبائی کمشنر ایڈمنسٹریشن محمد وسیم باری، صوبائی سیکرٹری طارق قریشی اور سکاؤٹس لیڈر محمود صادق دھوتھڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے بھی ملاقات کی اور گورنر کو سانحے موٹر وے کے بارے ہونیوالی پیش رفت اور دیگر اقدامات سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ چوہدری محمد سرور نے میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ موٹر وے پر پولیس سمیت دیگرمتعلقہ اداروں نے جس تیزی کیساتھ کام کیا ہے اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ آل پارٹیز کانفرنس کے متعلق چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اے پی سی اپوزیشن کا آئینی اور جمہوری حق ہے مگر اپوزیشن جماعتوں کے اپنے اپنے سیاسی مفادات اور نظریات ہیں اس لیے وہ جتنی مرضی آل پارٹیز کانفرنس بلالیں حکومت کو کوئی خطرہ نہیں یہ کبھی متحد نہیں ہوسکتے۔ تقریب سے خطاب کے دوران گورنر نے کہا کہ پنجاب میں بوائز اور گرلز سکاؤٹس کو بھرپور طریقے سے فعال کیا جارہا ہے اور بہت جلد گورنر ہاؤس میں گر لز اور بوائز سکاؤٹس کا کنونشن منعقد کیا جائیگا جسکے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی یا وزیر اعظم عمران خان ہوں گے۔ سی سی پی او سے ملاقات کے دوران گورنر نے کہا کہ حکومت پولیس سمیت تمام اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر نے کی پالیسی پر گامزن ہے اور پولیس کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ لاہور سمیت پورے صوبے میں ہر صورت اَمن وامان کو یقینی بنائے۔