فائرنگ کرنیوالے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان معطل‘ تشدد رپورٹ آنے پر ایک ملزم گرفتار‘ مقدمہ درج
اسلام آباد (وقائع نگار/ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریڈ زون میں فائرنگ کر کے خوف پھیلانے والے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کو معطل کر دیا۔ رجسٹرار آفس کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہانگیر اعوان تا حکم ثانی معطل رہیں گے۔ یاد رہے کہ جہانگیر اعوان نے گزشتہ روز ایم پی اے عابدہ راجہ کے شوہر سے جھگڑے پر فائرنگ کی تھی جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے محکمانہ رولز کے تحت ایڈیشنل سیشن جج کو معطل کیا ہے۔ تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے وفاقی دارالحکومت کے ہائی سکیورٹی زون میں ایڈیشنل سیشن جج پر تشدد کی میڈیکل رپورٹ پولیس کو موصول ہو گئی۔ پولیس نے میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں مقدمہ درج کرکے ایک ملزم بلال کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرے کی گرفتاری کیلئے پولیس کوشاں ہے۔