• news

اپوزیشن 3 ترامیم کی شرط پر اینٹی منی لانڈرنگ بل کی حمایت پر آمادہ

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع  سے معلوم ہوا  ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا ہے اگر حکومت نے  اینٹی منی لانڈرنگ ترمیمی بل میں اپوزیشن کی3  ترامیم منظور کر لیں تو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں   بل کی حمایت کی جائیگی بصورت دیگر اس بل کے بارے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علما اسلام اور اپوزیشن کی دیگر جماعتیں  مشترکہ طور پر  فیصلہ کریں گی۔ مسلم لیگ (ن) نے واضح کردیا ہے کہ نیب قانون کی موجودگی میں  دوہرے قانون کی ضرورت  نہیں۔ اس بات کا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا جو پیر کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی  میں قائد حزب اختلاف  میاں شہباز شریف  کی زیرصدارت ہوا۔ شاہد خاقان عباسی، سردار ایاز صادق، رانا تنویر حسین اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ ذرائع کے  مطابق  پارلیمنٹ کے دونوں  ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بدھ کو بلایا جارہا  ہے جس میں حکومت اینٹی منی لانڈرنگ ترمیمی بل  پیش کرے گی۔ حکومت کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ  ترمیمی  بل کی منظوری کے لئے  اپوزیشن سے تعاون  کے لئے رابطہ  قائم کیا ہے۔ ذرائع کے  مطابق  مسلم  لیگ (ن) آج قومی اسمبلی  میں  پنجاب اسمبلی میں  قائد حزب اختلاف  حمزہ شہباز شریف کو  مناسب طبی سہولیات  فراہم نہ کرنے پر احتجاج کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن