13 لاکھ کے ڈاکے: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 اہلکار‘ 2 شہری زخمی
لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور میںڈاکوؤںکی فائرنگ کے نتیجے میں 2پولیس اہلکاراور دو مختلف واقعات میں 2شہری زخمی ہوگئے، جبکہ شہریوں نے 2ڈاکو پکڑ کر درگت بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دئیے۔ دوسری جانب شہر کے مختلف مقامات پر متعدد وارداتوں کے دوران شہری لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیوارات اور قیمتی اشیاء سے محروم کر دیئے گئے۔ کاہنہ کے علاقے میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں نے گشت پر آنے والے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اہلکار لطیف اور فاروق زخمی ہو گئے۔ دوسرے واقعے میں ڈاکو ڈکیتی کی واردات کے دوران شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے اس دوران ڈاکووں نے جان بچانے کے لیے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شہری محمد وقار زخمی ہو گیا اس دوران شہریوں نے ڈاکوؤںکو پکڑ کر درگت بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ تیسرے واقعہ میں گلشن راوی کے علاقے میں اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے والے شہری سے ڈکیتی واردات مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائر مار کر زخمی کر دیا، متاثرہ شہری اے ٹی ایم سے رقم نکلوا کر باہر نکلا تھا، متاثرہ شہری محمد علی کو سروسز ہستال منتقل کر دیا جبکہ ستوکتلہ کے علاقے میں مسلح ڈاکو عقیل کے گھر گھس کر 5لاکھ 20 ہزارمالیت کی نقدی ،زیوارات و دیگر اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ڈیفنس سی میں مسلح ڈاکو عزیزالرحمن کے گھر میں گھس کر اسلحہ کے زور پر 4لاکھ60ہزار روپے کی نقدی۔ پرائز بانڈز اور طلائی زیوارات لوٹ کر فرار ہو گئے۔کوٹ لکھپت کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو ظفر اور فیملی سے2لاکھ 10ہزار کی نقدی و زیوارات۔ گڑھی شاہو میں ہمایوں اور فیملی سے 1لاکھ 40ہزار نقدی و زیوارات۔ اسلام پورہ میں زاہد سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو گن پوائنٹ پر 34ہزار۔گھڑی اور موبائل۔مزنگ میں یوسف سے گن پوائنٹ پر28ہزار نقدی موبائل فون اور بادامی باغ سے گن پوائنٹ پر قربان سے 16ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ نامعلوم چور مصطفی ٹاون اور سمن آباد سے گاڑیاں جبکہ غازی آباد۔شالیمار اور لیاقت آباد سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہو گئے۔