سپریم کورٹ نے نیب رولز کی منظوری کیلئے 6ہفتے مزید مہلت دیدی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے ادارہ جاتی رولز منظوری کیلئے نیب کو مزید مہلت دیدی۔ از خود نوٹس پر سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر جنرل نیب نے بتایا کہ رولز کا مسودہ تیاری کے بعد منظوری کیلئے ایوان صدر بھجوایا تھا تاہم صدر مملکت نے مسودہ اعتراض لگاکر واپس کر دیا۔ صدر مملکت نے اعتراض کیا کہ براہ راست رولز انہیں نہیں بھجوائے جا سکتے اس کیلئے رولز کو وزرت قانون کے ذریعے بھجوایا جائے تاکہ معاملہ پر وزارت قانون کی رائے بھی سامنے ہو۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا تاہم ابھی وزارت قانون کے ذریعے رولز کا مسودہ دوبارہ صدر کو بھجوایا ہے۔ عدالت چھ ہفتے کی مہلت دے۔ رولز منظوری کے بعد نوٹیفائی کر دینگے۔ جس پر عدالت نے مہلت دینے کی نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔