سٹرٹیجی کمیٹی تحلیل ہونے کا نوٹیفکیشن ڈیجیٹل میڈیا پر لاگو نہیں ہوتا: فیاض چوہان
لاہور، راولپنڈی (نیوز رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سٹرٹیجی کمیٹی پنجاب کے تحلیل کئے جانے کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا سٹرٹیجی کمیٹی کے تحلیل کیے جانے کا نوٹیفکیشن وزیر اطلاعات کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا پر لاگو نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ فوکل پرسن ڈیجیٹل میڈیا میاں انس ڈولہ اور انکی ذیلی ٹیمیں بدستور کام کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ تمام فوکل پرسنز، ایڈوائزرز اور کوآرڈینیٹرز کے عہدوں کو تحلیل کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ تین ماہ میں وزیرِ اطلاعات کی تحصیل و ضلعی سطح پر قائم کی گئی ڈیجیٹل میڈیا ٹیموں نے نہایت احسن طریقے سے بزدار حکومت کی پالیسیوں اور کامیابیوں کو عوام تک پہنچایا ہے۔ پی ٹی آئی عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا وِنگ کو مزید بہتر اور فعال بھی بنایا جائے گا۔