• news

اقتدار پر اشرافیہ قابض‘ جمہوریت یرغمال بنالی: سراج الحق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ایک جمہوری عمل کے ذریعے بناتھا مگر 73سال میں یہاں جمہوریت کو قدم نہیں جمانے دیے گئے۔ ملک پر 35سال آمریت رہی اور باقی آدھا عرصہ جمہوریت کے نام پر شخصی حکومتیں مسلط رہیں۔ ملک میں جمہوریت یرغمال ہے اور انتخابی نظام اور ووٹرز آزاد نہیں۔ جمہوریت پر جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے اپنی دولت کے بل بوتے پر قبضہ کر رکھاہے۔ شفاف اور غیر جانبدارانتخابی نظام کے بغیر جمہوری اقدار پنپ نہیں سکتیں۔ اقتدار کے ایوانوں پر اشرافیہ اور ارب پتیوں کا قبضہ ہے انہی کے بیٹے اور پوتے اسمبلیوں میں پہنچتے ہیں۔ غریب کے لیے اسمبلیوں میں پہنچنا ممکن نہیں۔ دریں اثناء منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکائ￿ سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں اب بھی پیپلز پارٹی، ن لیگ اور مشرف دور کا ظلم و جبر کا نظام ہے۔ تبدیلی صرف یہ آئی ہے کہ رشوت اور کرپشن بڑھ گئی ہے اور روز مرہ اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیاہے۔ کسی غریب کو تعلیم، صحت، روزگار ملتا ہے نہ عدالتوں سے انصاف، مزدور اور کسان سارا دن خون پسینہ ایک کرنے کے باوجود پیٹ بھر کر کھانے سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ المیہ یہ ہے کہ حکمران ناکامی تسلیم کرنے کی بجائے کامیابیوں کے دعوے کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت میں کرپشن رشوت اور جرائم میں اضافہ ہوا۔ آئے روز بچیوں کا اغوا ، گینگ ریپ اور قتل ، لگتاہے ملک میں کوئی حکومت نہیں۔ اب تو چوک چوراہے اور شاہراہیں بھی محفوظ نہیں۔ جب تک درندوں کو پھانسی پر نہیں لٹکایا جاتا ، جرائم پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔ سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  سرا ج الحق نے کہاکہ قوم کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں پوچھتی ہیں کہ وہ وزیراعظم جو ٹیپو سلطان بننے کی باتیں کرتے تھے وہ کہاں ہیں۔ لاہور کا سانحہ انتہائی دردناک اور شرمناک ہے۔ ایک بیٹی رات کے وقت حکومت اور ریاست کو پکارتی رہی مگر حکومت سوئی رہی اور اس بیٹی پر قیامت گزر گئی۔ یہاں افسوس کا مقام یہ کہ کچھ سینیٹر آئے ، ایف اے ٹی ایف پر اپنی تجاویز دیں اور باہر چلے گئے ان کا رویہ بتا رہاتھاکہ ایک خاتون سے ہونے والی زیادتی کے واقعہ سے ان کو کوئی سروکار نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن