کامونکی انٹرچینج بنانے کی درخواست، نیشنل ہائی ویز کو 2 ماہ میں فیصلے کا حکم
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے کامونکی میں موٹروے انٹرچینج بنانے کے لیے دائر درخواست نیشنل ہائی وے کو بھجواتے ہوئے درخواست پر دو ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے رانا طاہر سلیم کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں چیئر مین ہائی وے، وزیراعظم پاکستان، ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اور وزیر ہائی وے کو فریق بنایا گیا۔ درخواست گزار کی جانب سے مصطفی آفتاب ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو اپنے دلائل میں کہ کامونکی سے ملحقہ متعدد کثیر آبادی والے گائوں آباد ہیں لیکن موٹر وے پر دوسرے شہروں کی طرح انٹر چینج نہیں رکھا گیا جس کے باعث وہاں کے لوگوںکو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ وہاں کے شہریوں، مریضوں، طالب علموں سمیت دیگر کو سہولت دینے کے لیے موٹر وے انٹر چینج قائم کیا جائے۔