20 کروڑ کی مبینہ غیرقانونی جائیداد نیب نے پی ڈبلیو ڈی کا سابق انجینئر گرفتار کرلیا
لاہور ( سٹاف رپورٹر)نیب لاہور نے کروڑوں روپے کی جائیدادیں اور بینک بیلنس کے حامل پی ڈبلیو ڈی کے سابق انجینئر ملزم محمد رمضان کو گرفتار کر لیا ملزم محمد رمضان کو مبینہ غیرقانونی طور پر دوران سروس 20 کروڑ سے زائد مالیت کی جائیدادیں بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی شکایات پر نیب لاہور میں گزشتہ سال انکوائری کا آغاز ہوادوران انکوائری ملزم اور اہل خانہ کے نام موجود اثاثہ جات کی تفصیلات اکٹھی کی گئی تو حیران کن انکشافات کا سلسلہ شروع ہوا۔ دوران تحقیقات ملزم کے نام لاہور، جھنگ، ملتان و دیگر اضلاع میں 50 سے زائد پراپرٹیاں اور کاریں ہونے کا انکشاف ہو چکاہے۔ ملزم دوران سروس بدعنوانی میں ملوث ہونیکی وجہ سے 6 مرتبہ معطل بھی ہوا اگرچہ بعد ازاں بحال ہوتا رہا۔ ملزم کیخلاف ٹھوس شواہد کے حصول پر سابق سپرنٹنڈنگ انجینئر محمد رمضان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ ملزم پر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے اسے صفائی اور ذرائع آمدن کی فراہمی کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا تاہم ملزم مکمل طور پر ناکام رہا۔ نیب حکام ملزم محمد رمضان کو کل لاہور کی احتساب عدالت کے روبرو پیش کرینگے تاکہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جا سکے۔ دوران ریمانڈ ملزم کے دیگر پوشیدہ اثاثہ جات کے حوالے سے مزید انکشافات متوقع ہیں۔