وزیرآباد: طبی بنیاد پر ضمانت نہ ملی منشیات کا ملزم دوران حراست جاں بحق
وزیر آباد (نامہ نگار) تھانہ سٹی وزیرآباد میں درج مقدمہ نمبر 309/20کا ملزم دوران حراست د وران ڈسٹرکٹ ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ شدید بیماری میں بار بار استدعا کے باوجود ضمانت پر رہائی نہ ملنا ملک میں نظام انصاف کے دوہرے معیار پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔
محلہ لکڑ منڈی وزیرآباد کے رہائشی صابر حسین ولد فدا حسین کو پولیس تھانہ سٹی نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کرلیا جو دوران حراست حوالات میں شدید بیمار ہوگیا اور علاج کے غرض سے ڈسٹرکٹ ہسپتال گوجرانوالہ میں داخل کر دیا گیا ملزم کی طرف سے وکیل وقاص احمد کدھر نے میڈیکل رپورٹس کے ہمراہ مقامی عدالت میں متعدد مرتبہ ضمانت کیلئے اپلائی کیا مگر ملزم کو شدید بیماری کے باوجود ضمانت پر رہائی نہ دی گئی جو ملزم گذشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ میں زنجیر سے مقفل حالت میں تڑپ تڑپ کر جان کی بازی ہار گیا۔ وکیل وقاص احمد کدھر کا کہنا تھا کہ ان کا موکل بے گناہ تھا جسے شدید بیماری کی حالت میں بھی ضمانت پر رہائی نہیں دی گئی۔