مردم شماری کے سرکاری نتائج آنے تک سندھ میں حلقہ بندیوں کا کام روک دیا گیا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی مردم شماری کے حوالے سے درخواست کو منظور کر لیا۔ جلد مردم شماری کے اعداد و شمار سرکاری سطح پر کرنے کی ہدایت کر دی۔ وفاقی حکومت اور وزارت قانون الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس گزشتہ روز یہاں ہوا۔ جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔ مردم شماری کے سرکاری اعدادوشمار کی اشاعت اور صوبہ سندھ میں حلقہ بندیوں کے کام میں حائل مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔ حکومت سندھ اور پیپلزپارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے روبرو یہ موقف اختیار کیا گیا کہ مردم شماری کے سرکاری اعدادوشمار کی غیر موجودگی میں الیکشن کمیشن سندھ میں مردم شماری کے غیر حتمی اعدادوشمار کے تحت حلقہ بندی نہیں کر سکتا۔ دفتر کو یہ حکم دیا کہ وزارت پارلیمانی اموراور وزارت قانون کو الیکشن کمیشن کے احکامات بھجوائے جائیں کہ وفاقی حکومت کو کہا جائے کہ جلدا ز جلد مردم شماری کے اعدادوشمار کی سرکاری اشاعت کو یقینی بنائے۔ اس سلسلے میں ضروری مراسلے جاری کر دئیے گئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق الیکشن کمشن نے مردم شماری کے سرکاری نتائج آنے تک سندھ میں حلقہ بندیوں کا عمل روک دیا۔