مسلم لیگ (ن) کا حمزہ شہباز کو ہسپتال منتقل نہ کرنے کیخلاف چیئرنگ کراس پر دھرنا
لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کا حمزہ شہباز کو کرونا ہونے پر ہسپتال منتقل نہ کئے جانے اور حکومتی رویئے کے خلاف لاہور مال روڈ چیئرنگ کراس پر دھرنا اور بھر پور احتجاجی مظاہرہ، مظاہرے میں مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی وپارٹی عہدیداروں و کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ حکومتی رویئے کے خلاف نعرے بازی، لیگی رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اگر حمزہ شہباز کو ہسپتال منتقل نہ کیا تو اگلا دھرنا وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر دیا جائے گا۔ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے باہر مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی ملک ندیم کامران، رانا مشہود، ملک محمد احمد خان، خواجہ عمران نذیز، عمران گورایہ، عنیزہ فاطمہ، مرزا جاوید سمیت دیگر ممببران اسمبلی اور کارکنوں نے بھر پور احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اور احتجاج کیا، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود ملک محمد احمد اور خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی صحت پر سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایسا کرنے پر حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ملک ندیم کامران اور عظمی بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت غیر قانونی سرگرمیاں کرکے سیاسی اسیروں پر ظلم و ستم کررہی ہے۔ حمزہ شہباز کا علاج نہ کروانا حکومت کی چھوٹی سوچ کی عکاسی ہے۔ اگر وہ بھی عمران خان کی جلائو گھیرائو کی سیاست پر آگئے تو حکومت بھاگ جائے گی۔ مظاہرے میں بلال اصغر تارڑ، اشفاق موہلن رانا منان خان، منور غوث،سنبل مالک، رخسانہ کوثر، سید توصیف شاہ، ماجد ظہور، میاں طارق، نذیر خان سواتی، میاں محمود صلاح الدین پپی، شمع گورایہ ثمرہ نذیر، سمیرا امجد سمیت کارکنان کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔