• news

دنیا میں کرونا دوبارہ آ رہا ہے پاکستان میں بھی خطرہ موجود: گورنر 

لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے تحر یک انصاف کی خاتون رکن ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ملاقات جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بلاتفر یق احتساب کو بریک لگوانے کا سیاسی مخالفین کا منصوبہ ناکام ہوگا۔ اپوزیشن وقت گزاری کے لیے آل پارٹیز کانفر نس کر رہی ہے۔ تحریک انصاف کی خاتون رکن ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی جس میں سیاسی اور دیگر امور کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ڈٹ جانے والا لیڈر ہے۔ اپوزیشن کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔ اْنہوں نے کہا کہ حکومت کا قوم سے وعدہ ہے کہ کر پشن کو جڑوں سے ختم کریں گے۔ بلاتفر یق اور شفاف احتساب کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن جو مرضی کر لے وزیرا عظم عمران خان اصولوں پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اْنہوں نے کہا کہ بلاتفریق احتساب کو بریک لگوانے کا سیاسی مخالفین کا منصوبہ ناکام ہوگا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موٹر وے خاتون کیس کے ملزمان عبرتناک سزا کے حق دار ہیں۔ انکے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کامیاب سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کے ذریعے پاکستان میں کرونا کو کنٹرول کیا ہے مگر دْنیا میں کرونا دوبارہ آرہا ہے اس لیے پاکستان میں بھی کرونا کا خطرہ موجود ہے۔  ضرورت اس بات کی ہے کہ یونیورسٹیز اور سکولز میں ایس او پیز پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر بھارت کے عزائم خاک میں مل جائیں گے۔ اْنہوں نے کہا کہ پاکستان دْنیا میں سفارتی اور معاشی محاذ پر کامیابی کے ساتھ آگے بڑ ھتا رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن