آرمی چیف کا دورہ گوجرانوالہ ، سنٹرل کمانڈ ، فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز گوجرانوالہ کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف کو سنٹرل کمانڈ فارمیشنز کے آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بعد ازاں جنرل قمر جاوید باجوہ نے ’’ براق کمبیٹ سکلز ٹریننگ کمپلیکس‘‘ کا افتتاح کیا۔ اس ادارے کے قیام کا مقصد جارحانہ کارروائیوں کے دوران، فوج کے مشینی دستوں کے عملہ کی، درپیش رکاوٹوں پر قابو پانے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ آرمی چیف نے سٹرائیک فارمیشن کی مربوط تربیت بھی ملاحظہ کی۔ اس تربیت کے دوران آرمرڈ، توپخانہ، انجینئرز اور میکنائزڈ انفنٹری نے آپریشنل اور جنگی استعداد کا مظاہرہ کیا۔ آرمی چیف نے سٹرائیک کور آپریشنل تیاریوں اور فوجی دستوں کے عمدہ مورال کی تعریف کی۔ کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود، اور کور کمانڈرگوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔