حدود قوانین خواتین کے محافظ: ساجد میر‘ اسلامی حدود و تعزیرات کیلئے تحریک چلانے کا اعلان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب نے آئین پاکستان میں درج اسلامی حدودوتعزیرات کے نفاذ کی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ تحریک کے تحت سیمینارز، جلسے اور ریلیاں نکالی جائیں گی اوراس موضوع کے تحت مساجد میں جمعہ کے خطبات دیے جائیں گے۔ اس امر کا فیصلہ مرکز اہل حدیث 106راوی روڈ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے اجلاس میں کیا گیا۔ جس کی صدارت امیر پنجاب مولانا عبدالرشید حجازی نے کی۔ ناظم اعلی پنجاب حافظ محمد یونس آزاد نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے اجلاس میں مرکزی امیر سینیٹر علامہ پروفیسر ساجد میر اور مرکزی ناظم اعلی ڈاکٹر سینیٹر حافظ عبدالکریم کی ہدایت پر ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبائی سطح پر عوام میں اسلامی حدود وتعزیرات کی اہمیت بارے شعور بیدار کیا جائے گا۔ پنجاب کے اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے سینیٹر علامہ ساجد میر نے کہا کہ حدود کے قوانین عورتوں کے محافظ ہیں، ان کی زد عورتوں کی نسبت مردوں پر زیادہ پڑتی ہے۔ خوفناک سزا کا خوف مرد کو کسی عورت کی پامالی سے روکتا ہے۔ ان قوانین کی و جہ سے عورت کامستقبل اور عزت محفوظ رہتی ہے۔ حدود آرڈیننس کی آڑ میں اسلام کو بدنام کرنے کا این جی اوز نے سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں اللہ کے قوانین کی مخالفت کرنے اور مذاق اڑانے والوں کو نشان عبرت بنا دیں گے۔ ہر معاملے میں مغرب کی اندھی تقلید نے ہمیں مذہب سے دور اور بے حس کردیا ہے۔ اجلاس سے خطاب ہوئے مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ این جی اوز کی جو خواتین حدود آرڈیننس کی مخالفت اور خاتمہ کے لئے متحرک ہیں ان سے گزارش ہے کہ وہ عورتوں کے حقوق کی آواز ضرور بلند کریں۔ اجلاس سے مولانا نعیم بٹ، حافظ عبدالحمید عامر، مولانا سید سبطین شاہ، نقوی مولانا قاری صہیب میر محمدی، حاجی نواز مغل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔