بھلوال: زہریلا کھانا کھانے سے 10سالہ بچی جاں بحق ،خاندان کے 5افراد ہسپتال منتقل
سرگودھا/ بھلوال (نامہ نگاران) سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں زہریلا کھانا کھانے سے اہل خانہ کی حالت غیر ہو نے میں دس سالہ بچی جاں بحق جبکہ 5 افراد کو تشویشناک حالت کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق مقامی تحصیل بھلوال غلہ منڈی کے حنیف سبزی فروش کے 4 بچوں سمیت اہل خانہ کی گھر میں کھانا کھانے سے حالت غیر ہو گئی جن کو تشویشناک حالت کے باعث تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھلوال منتقل کردیا گیا۔ جہاں 10سالہ عالیہ بی بی دم توڑ گئی جبکہ دو بچوں علی، برہان اور والد حنیف کو انتہائی تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا ریفر کر دیا گیا جبکہ ایک بچی مریم اور والدہ فوزیہ بیگم کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے گھر سے زہریلا کھانا قبضے میں لے کر معائنہ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیا ہے۔