ایف اے ٹی ایف پر شروع سے اپوزیشن کا دوہرا معیار‘ قوانین منظور نہ ہوتے تو پاکستان بلیک لسٹ میں چلا جاتا‘ ترمیم ملک کیلئے فتح‘ وفاقی وزراء
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ فیٹف پر اپوزیشن کا شروع سے دوہرا معیار رہا ہے۔ پہلے اپوزیشن کہتی رہی وہ ملکی مفاد میں اس پر قانون سازی کیلئے تیار ہے۔ بھارت ہمیں بلیک لسٹ میں دھکیلنے کے درپے ہے۔ ہم توقع کر رہے تھے اپوزیشن تعمیری کردار ادا کرے گی۔ وزیر قانون فروغ نسیم نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں مشترکہ اجلاس میں گنتی نہ کرائی جاتی تو پورا عمل مشکوک ہو جاتا پہلے ہی کہا تھا اپوزیشن میں کچھ غیرت مند پاکستانی ہیں۔ کیا شہباز شریف نے ان کا سراغ لگانے کا کہا جنہوں نے ملک کو نقصان سے بچایا۔ ایف اے ٹی ایف کے قوانین متعین وقت میں منظور نہ ہوتے تو پاکستان بلیک لسٹ میں چلا جاتا۔ اپوزیشن کی سیاست اتنی گرے گی کہ ملکی مفاد بھی نہیں دیکھے گی۔ اپوزیشن کے رویئے پر بہت دکھ ہوا۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق پارلیمنٹ میں قانونی ترمیم پاکستان کیلئے فتح ہے۔