اے پی سی سے پہلے ہی حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول رہے ہیں: حافظ حسین احمد
کرمانوالہ (این این آئی) اپوزیشن کی اے پی سی سے پہلے ہی حکومت کے ہاتھ پائوں پھول رہے ہیں، حکومتی وزراء اے پی سی کے متعلق ایسے بیانات دے رہے ہیں جس سے محسوس ہورہا ہے کہ انکے ہوش وحواس اڑ رہے ہیں۔ اپوزیشن کی اے پی سی کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ اگر اس کو سکہ بند بنانا ہے تو پھر میاں محمد نواز شریف کو وطن واپس آنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے میڈیا سیل سے ٹیلفونک رابطہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت زندگی کے ہر شعبے میں ناکام ہو چکی ہے۔ عوام سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر خاتون کے ساتھ اسکے بچوں کے سامنے جو درندگی کا واقعہ پیش آیا ہے ملزمان کو ریاست مدینہ کے قوانین کے مطابق سزا دی جائے۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ ریاست مدینہ کا تصور پیش کرنے والوں کو ریاست مدینہ کا قانون نظر کیوں نہیں آتا۔ وزیر اعظم عمران خان ایک طرف قوم کو دھوکہ دینے کے لئے ریاست مدینہ کا خواب دکھاتے ہیں اور دوسری طرف اس خدشے کا اظہار کرتے ہیں کہ اگر ملزمان کو موت کی سزا دیدی گئی تو اغیار ہمارے کاروبار پر پابندیاں عائد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو یہ دوغلی پالیسی منظور نہیں ہے۔ اس سوال پر کہ وزیر اعظم نے تجویز دی ہے کہ ملزمان کو نامرد بنا دیا جائے۔ اس پر حافظ حسین احمد نے کہا کہ وہ کام کیوں نہیں کرتے جس کا اسلام میں حکم ہے۔ اسلام ایسے مجرموں کو سنگسارکرنے کا حکم دیتا ہے۔