غزہ پر اسرائیلی بمباری، کئی عمارتیں تباہ، متعدد نہتے فلسطینی زخمی
غزہ (نیٹ نیوز+ صباح نیوز) اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کے علاقے میں فضائی حملے کئے جس کے نتیجے میں کئی رہائشی عمارتیں تباہ اور درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ دیر البالاح اور خان یونس پر بم اور میزائل برسائے گئے۔ بمباری کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے نکل کر اپنی جانیں بچائیں۔ اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں کئی رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں اور درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ حماس نے فضائی حملوں پر اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں اور املاک کو نشانہ بنانے سے گریز کرے۔ اسرائیل کو ان حملوں پر سخت جواب دیا جائیگا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے الزام لگایا فضائی بمباری غزہ سے داغے دو راکٹوں کے جواب میں کی گئی۔ ادھر اسرائیلی سپیشل فورس کے اہلکار اور انتہا پسند یہودی ٹولیوں کی شکل میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہو گئے اور بیحرمتی کی۔