سپریم کورٹ نے ہری پور جیل کے ملازم کی سروس بحالی سے متعلق اپیل منظورکر لی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے ہری پور جیل کے ملازم عبدالستار کی سروس بحالی سے متعلق اپیل منظور کرلی ۔ بدھ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ آپ کی ڈیوٹی کے دوران چار قیدی جیل توڑ کر بھاگ گئے، آپ کا کام قیدیوں کی تلاشی لینا تھا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ تین عدالتوں نے آپ کو قصور وار ٹھہرایا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ملازمت پر بحالی نہیں ہوسکتی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ آپ کو جبری ریٹائرڈ کر دیا ہے بس ٹھیک ہے، اب آپ کو پنشن مل رہی ہے یا نہیں۔درخواست گزار عبد الستار نے کہاکہ جی اس وقت پنشن بھی نہیں مل رہی ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ جیل کے اندر ڈیوٹی دے رے تھے اس دوران چار ملزم بھاگ گئے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ آپ کا یہی کام تھا روزانہ جیل میں قیدیوں کی تلاشی کرنا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ دن اور رات میں ڈیوٹی دینے والے آپ اور آپ کے افسر سمیت اکیس ملازمین کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ چار ملزم جیل کی سلاخیں کاٹ کر بھاگ گئے۔ درخواست گزار عبد الستار نے کہاکہ میں دن کی ڈیوٹی میں تھا ملزمان رات کو بھاگ گئے تھے۔عدالت نے درخواست گزار کی اپیل منظور کرتے ہوئے تین ماہ بعد سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیدیا۔