بحریہ تمام چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کرنے کیلئے کمر بستہ ہے: نیول چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ سی پیک سے متعلقہ منصوبوں کی عملداری اورکامیابی کا فائدہ سمندری علاقے کی حفاظت کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں فول پروف سمندری تحفظ کو یقینی بنانا پاک بحریہ کی سب سے اہم ذمہ داری ہے جس میں آنے والے سالوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ پاک بحریہ ان تمام چیلنجزکا بھرپور مقابلہ کرنے کے لئے کمر بستہ ہے۔ بحریہ کے پریس ریلیز کے مطابق نیول چیف نے گوادر اور اورماڑہ میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا اور مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا۔ گوادر آمد پر کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے نیول چیف کا استقبال کیا۔ امیرالبحر نے گوادر میں جدید سہولیا ت سے آراستہ میرینز ٹریننگ سینٹر (ایم ٹی سی) کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں نیول چیف نے جناح نیول بیس اورماڑہ میں 21 ویں ایئر ڈیفنس بٹالین کے انفراسٹرکچر کا افتتاح کیا۔ میرینز ٹریننگ سینٹر (ایم ٹی سی) پاکستان نیوی کا ایک بنیادی تربیتی ادارہ ہے جہاں پر نہ صرف پاکستان بلکہ دوست ممالک کے افسروں اور جوانوں کو تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ اس مواقع پر خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے زور دیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں بالعموم ساحلی پٹی اور گوادر پورٹ کی اہمیت میں بالخصوص اضافہ ہوا ہے۔ نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں اور سمندری مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر نیول چیف نے کوسٹل ایریاز میں تعینات افسران اور جوانوں سے سے ملاقات کی اور ان کے عزم و جذبے کو سراہا۔